ویشالی،29اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بہار کے ویشالی ضلع میں ایک دردناک واقعہ سامنے آیا ہے۔یہاں پر چھیڑخانی کی مخالفت کرنے والے ایک ہی خاندان کے 19 ارکان پر بدھ کو تیزاب (ایسڈ) پھینک دیا گیا، جس میں دو خواتین سمیت تمام لوگ شدید جھلس گئے۔یہ واقعہ داؤد پورگاؤں کا ہے۔ویشالی کے پولیس ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ (ایس ڈی پی او) راگھو دیال نے بتایا کہ منگل کو کسی بات کو لے کر ویشالی تھانہ کے داؤدپور گاؤں کے رہنے والے نند کشور بھگت کے خاندان کے اراکین کو کچھ لوگوں سے تنازعہ ہو گیا اور تنازعہ مارپیٹ تک پہنچ گیا،اگرچہ دونوں فریق میں مارپیٹ کے بعد معاملہ ٹھنڈابھی ہو گیا۔بدھ کو دوسری طرف کے لوگ ناراض نند کشور کے گھر میں گھسے اور خاندان کے ارکان پر تیزاب پھینک دیا۔اس واقعہ میں دو خواتین سمیت ان کے خاندان کے 13 افراد جل گئے،زخمیوں میں کچھ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔متاثرین کا الزام ہے کہ چھیڑخانی کی مخالفت کرنے پر ان کے گھر کے ارکان کے اوپر تیزاب پھینکا گیا ہے۔وہیں اہم ملزمان میں بالیشور شرما کے خاندان کے دو رکن شامل ہیں۔پولیس نے بتایا کہ زخمیوں کو حاجی پور صدر ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے اور پولیس پورے معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔پولیس نے بتایا کہ اس معاملے میں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پانچ افراد کو گرفتار کر لیا ہے،واقعہ کے بعد سے گاؤں میں کشیدگی کا ماحول بنا ہوا ہے۔حالات کو کنٹرول کرنے کے لئے پولیس فورس تعینات کیا گیا ہے۔